حوزہ نیوز ایجنسی: سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے حوزہ علمیہ خواہران اور جامعۃ الزہرا (س) کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہفتہ وحدت، ہفتہ دفاع مقدس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا : حوزہ علمیہ نے رسول خدا (ص) سے عہد وفا باندھ لیا ہے، جب ہم حوزہ علمیہ میں داخل ہوئے تو رسول خدا (ص) سے عہد کیا کہ ہم آپ کے علوم اور طریقے کو سمجھیں گے اور اسے دنیا بھر میں پھیلائیں گے، یہ ہمارا نبی مکرم اسلام (ص) کے ساتھ ایک مقدس میثاق و عہد و پیمان ہے۔
اس موقع پر آیت اللہ اعرافی نے خطبہ 72 نہج البلاغہ کی تشریح کرتے ہوئے حضرت علی (ع) کی زبانی رسول اکرم (ص) کی 20 صفات کا ذکر کیا ، حضرت علی (ع) نے رسول اکرم (ص) کو حق کا مظہر، باطل کو ختم کرنے والا اور گمراہیوں کو مٹانے والا قرار دیا۔
آیت اللہ اعرافی نے حوزہ ہائے علمیہ خواہران کی بنیاد کے حوالے سے کہا : یہ ادارہ ایک مضبوط درخت کی مانند ہے جس کی جڑیں اسلام کی ابتدائی تاریخ میں پیوست ہیں، اور اس کی بنیاد حضرت خدیجہ (س) اور حضرت فاطمہ (س) نے رکھی تھی۔
انہوں نے مزید کہا : حوزہ خواہران کا جدید ڈھانچہ انقلاب اسلامی کی برکاتوں کی وجہ سے ہے جو امام خمینی (رح) کی قیادت میں تیار ہوا، اور آج ہم اس ادارے میں علمی، تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی میدان میں بڑی کامیابیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔